Home / News / ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید کی چنی گوٹھ میں کھلی کچہری

ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید کی چنی گوٹھ میں کھلی کچہری

بہاولپور(اخبار اکبر)ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعیدنے کہاہے کہ بزدار حکومت نے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ ضلع کے دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ وہ چنی گوٹھ میں منعقدہ کھلی کچہری میں آئے ہوئے لوگوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ کھلی کچہری چنی گوٹھ میں واقع محکمہ انہار کے ریسٹ ہاؤس کے سبزہ زارمیں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نعیم صادق چیمہ، سرکاری محکموں کے افسران اور علاقہ کے لوگ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کے قیام، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب، سپورٹس گراؤنڈ، سیوریج سسٹم کی تنصیب اور قبرستان کے لئے آراضی کی فراہمی کے حوالہ سے مختلف درخواستیں وصول کیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے فوری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران وسٹاف کو ہدایت کی کہ علاقہ میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ٹاؤن کمیٹی کو فعال کیا جائے تاکہ علاقہ کے لوگ ریلیف حاصل کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کلین اینڈ گرین مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے اور علاقہ کے لوگ اپنا اہم کردار ادا کریں۔ کھلی کچہری میں علاقہ کے لوگوں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لئے درخواستیں دیں جن کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایات جاری کیں تاکہ علاقہ کے طلباوطالبات بہتر تعلیمی ماحول میں علم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری امور فرض شناسی سے ادا کریں اور دفاتر میں آنے والے سائلین کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں۔

Check Also

رحیم یار خان:خواجہ فرید یو نیورسٹی میں کشمیر سیمینار اور واک

خواجہ فرید یو نیورسٹی میں کشمیر سیمینار اور واک کشمیر ہماری شہِ رگ ہے جسے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *