Local News

رحیم یارخان:پولیس کو دھمکیاں دینے والے جانواندھڑگینگ کے2ڈاکومقابلے میں ہلاک

رحیم یارخان: جنوبی پنجاب کے ضلع رحیم یارخان میں تھانہ بھونگ کی حدود میں پولیس نے اندھڑڈکیت گینگ کے دو اہم ڈاکوؤں کو ایک مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ اندھڑگینگ کے ڈاکوچوک چدھڑ سے ایک ہندو شہری کو اغواء کرکے لے جارہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر تھانہ بھونگ پولیس اور ایلیٹ فورس نے اغواکاروں کا تعاقب کیااور موٹر وے ایم فائیو کے قریب ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا جس پرڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر ڈاکو مغوی کو چھوڑ کر کچہ کے دریائی علاقے کی طرف فرار ہوگئے۔پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت لالا عرف بابا عرف احمد دشتی اور بھوری شر کے نام سے ہوئی ہے جو اندھڑگینگ کے اہم کارندے تھے۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو چوک ماہی میں اندھڑ برادری کے9 افراد کے قتل،اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں اور پولیس پر فائرنگ میں ملوث تھے۔پولیس ترجمان کے مطابق مقابلہ میں مارے گئے ڈاکو ہیڈ کانسٹیبل ممتاز بلا کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
یاد رہے کہ جانواندھڑگینگ نے گذشتہ سال اکتوبر میں خاندانی دشمنی کی بنا پر ماہی چوک پر اندھڑبرادری کے پیٹرول پمپ پر حملہ کرکے ایک ہی خاندان کے9افراد کو قتل کردیا تھاجس کی ذمہ داری بھی اندھڑگینگ نے قبول کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر 9افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
گذشتہ دنوں جانواندھڑ گینگ کی ماہی چوک میں موجودگی کی اطلاعات پر پولیس نے ڈی پی او رحیم یارخان کی قیادت میں ماہی چوک میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن بھی کیا تھا تاہم ڈاکو کماد کی فصل میں روپوش ہوگئے تھے۔ڈی پی او نے ڈاکوؤں کی سرکوبی کےلیے جانواندھڑگینگ کے علاقے میں پولیس چوکی قائم کرتے ہوئے نفری تعینات کردی جس پر گذشتہ روز گینگ کے سرغنہ جانواندھڑ کی جانب سے سوشل میڈیا پر پولیس کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر ان کی ملکیت اراضی سے پولیس چوکی ختم نہ کی گئی تو وہ اس کا سخت جواب دینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

واپس اوپر کے بٹن پر