Breaking News

رود کوہیوں سے متاثرہ نہری نظام اور ڈرینز کی بحالی کیلئے فنڈز جاری

ڈیرہ غازی خان : حکومت پنجاب نے رود کوہیوں کے سیلاب سے متاثرہ نہری نظام اور ڈرینز کی بحالی کیلئے ابتدائی فنڈز جاری کردئیے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے محکمہ انہار کو زیادہ مشینری لگا کر سٹرکچر اور شگافوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کے احکامات جاری کردئیے۔نہروں میں 15 اکتوبر تک پانی چھوڑنے کی بھی ہدایات جاری کردیں۔ کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کیمپ آفس میں سیلاب سے متعلق ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تونسہ میں ٹھٹھہ لغاری،چورکن اور نتکانی فلڈ کیریئر کی بھی مرمت کی جائے گی۔ محکمہ انہار ملتان اور دیگر شہروں سے اضافی مشینری منگوائی جائے۔ کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کے ابتدائی فنڈز دے دئیے ہیں۔15 اکتوبر تک ضروری مرمت کرکے نہری نظام بحال کیا جائے۔چشمہ رائٹ بنک اور دیگر نہروں میں آبپاشی کیلئے پانی چھوڑا جائیگا۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ رود کوہیوں کے پانی کیلئے مستقل بنیادوں پر بھی پلاننگ شروع کردی ہے۔سیلابی پانی کو سیدھا اور محفوظ راستہ دینے کیلئے رود کوہیوں کو چینلائز کیا جائیگا اور چینلوں کو کشادہ کرنے کیلئے نجی رقبہ بھی خریدا جائیگا۔
کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حالیہ رود کوہیوں کے بدترین سیلاب نے معمول زندگی بری طرح متاثر کی۔قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان کا افسوس ہے۔رود کوہیوں کے قدرتی راستوں پر تجاوزات سے سیلابی پانی نے تباہی مچائی ہے اس سال نتکانی ڈرین میں ریکارڈ دو لاکھ 31 ہزار کیوسک سیلابی پانی آیا۔نتکانی سمیت دیگر فلڈ کیریئر چینلز کو موجودہ اخراج کے مطابق ڈیزائن کرایا جائیگا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید، چیف انجینئر ساجد رضوی اور ایکسیئن انہار رانا منور کے علاوہ آصف سکھانی اور دیگر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

واپس اوپر کے بٹن پر